• news

موجودہ دور میں اقلیتیں مزیدعدم تحفظ کا شکارہوگئیں، بلاول

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیر مذہبی سیاسی مذہبی تنظیمیں ملک اور عوام کیلئے کام کرتی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اسلام کا پرامن اور انسانیت کی مدد کا پیغام پوری دنیا میں پھیلے۔ ہم اپنے کاموں سے پوری دنیا کو جواب دینگے۔ کراچی میں مذہبی تنظیم دعوت اسلامی کی شجرکاری مہم  شروع کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی سے درخت لگانے کی مہم شروع کرنے پر شکر گزار ہوں اور ملک بھر میں آپ کا یہ نیا کام جاری ہے اور جہاں بھی آپ کا اس طرح کا کام چل رہا ہے ہم ساتھ دیں گے۔ جو ہمارے ملک یا ہمارے مذہب کے بارے میں ایک غلط رنگ مقامی میڈیا اور دنیا کے میڈیا میں پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ہم اپنی محنت اور کردار سے سب کو غلط ثابت کریں گے۔ دریں اثناء اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے دورِ حکومت میں ملک میں اقلیتیں مزید عدم تحفظ کا شکار ہوگئی ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے اقلیتوں کے تحفظ، بہبود اور ترقی کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدام نہ اٹھا کر قوم کو مایوس کیا۔ پاکستانی معاشرہ اس کا متحمل نہیں ہو سکتا کہ یہاں اقلیتوں کی عبادتگاہوں پر آئے روز حملے ہوں۔  بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اس کے متحمل نہیں ہوسکتے کہ مذہبی بنیاد پر قانون کے غلط استعمال کی روک تھام کے معاملے پر حکومت تماشائی بنی رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں رواداری اور مساوات کے فروغ کی علمبردار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن