قومی اسمبلی: کورم ٹوٹنے پر ایجنڈا مکمل نہ ہوسکا، اجلاس آج تک ملتوی
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کے اجلاس میں کورم ٹوٹنے کے باعث ایجنڈا مکمل نہ ہوسکا اور اجلاس آج (جمعرات) تک ملتوی کردیا گیا۔ قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ 27 جولائی 2021ء تک پاکستان کو کووڈ 19ویکسین کی ایک کروڑ 8لاکھ 21ہزار 930 خوراکیں مفت موصول ہوئیں جبکہ 2 کروڑ 86لاکھ چھ ہزار خوراکیں خریدی گئیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم سوی کی صدارت میں ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار عالیہ حمزہ نے ارکان کے سوالوں کے جواب دیئے۔ جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے اپنے سوال کا جواب موصول نہ ہونے کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ ایک مہینہ پہلے سوال جمع کئے تھے، کیا محکمے سوئے ہوئے ہیں۔ جے یو آئی (ف) کی رکن اسمبلی شاہدہ اختر علی اور جی ڈی اے کی رکن اسمبلی سائرہ بانو نے پارلیمانی وفود میں اپنی جماعتوں کی نمائندگی نہ ہونے کا معاملہ اٹھایا۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایوان کو بتایا کہ اس مون سون میں ساڑھے تین لاکھ درخت اسلام آباد کے علاقے میں لگائے جارہے ہیں۔ اس سال گندم کی تاریخی پیداوار ہوئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نوید عامر جیوا کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے آبی وسائل صالح محمد نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم 45سو میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔ ہر صوبے کو اس کا پانی کا حصہ مل رہا ہے۔ رکن اسمبلی سکندر علی راہو پوتو کے سوال کے جواب میں علی محمد خان نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کو بڑے عرصے بعد ہم نے بحال کیا ہے۔ صوبائی حکومت کے تھوڑے سے تعاون کی ضرورت ہے۔ 14کلو میٹر ٹریک ہم نے بحال کر دیا ہے، 16کلومیٹر باقی ہے۔ اس حکومت نے کے سی آر کو بحال کیا ہے۔ رکن اسمبلی نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں علی محمد خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی حکومتوں کی بڑی لیڈرشپ نے بڑی بڑی شوگر ملز لگائیں بھی اور لوگوں سے خریدیں بھی۔ اس وجہ سے کاٹن ایریا انکروچ ہوا۔ رکن اسمبلی مسرت رفیق مہیسر کے سوال کے جواب پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار عالیہ حمزہ ملک نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان اپنے اوپر جبر کر کے عوام کو ریلیف پہنچا رہے ہیں۔ اسمبلی کو بتایا گیا ایڈز کنٹرول پروگرام نے آبادی کے خاص طبقہ کے لئے 17کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز (سی بی اوز) بھی قائم کی ہیں۔ ان اداروں میں 94 ہزار 978ہم جنس پرست مرد رجسٹرڈ ہیں جبکہ 36ہزار 553مخنث اور 22ہزار 754فی میل سیکس ورکرز رجسٹرڈ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن ڈاکٹر عباد اللہ نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل شانگلہ سے ایک مزدور عطاء اللہ کو اٹھایا گیا اور اس کی مسخ شدہ لاش ملی تھی، آج تک کسی کو نامزد نہیں کیا گیا۔ لاکھڑا میں میرے حلقہ کے تین بندے شہید ہوئے بس کی چھت پر لاد کر لاشیں بھیجیں گئیں۔ یہ کتنی تذلیل ہے۔ کیا یہ مدینہ کی ریاست ہے۔ عطاء اللہ کے قتل کی آج تک ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی۔ علی محمد خان نے کہا وزیراعظم کی ان واقعات کے خلاف بھرپور توجہ ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سعودی عرب میں بہت سارے پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔ اس دوران جمعیت علماء اسلام کے رکن مولانا عبدالشکور نے کورم کی نشاندہی کر دی، جس پر کورم نا مکمل نکلا۔ ڈپٹی سپیکر نے کورم پورا ہونے تک ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی۔ بعد ازاں کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے ایوان کی کارروائی (آج) بروز جمعرات دن 11بجے تک ملتوی کردی۔