پاکستان‘ ترکی میں دفاع سمیت تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت : عارف علوی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دفاعی شعبے سمیت تعلقات میں مزید وسعت لانے کی ضرورت ہے۔ اسلام دشمنی جیسے بڑے چیلنج پر قابو پانے کیلئے عالم اسلام کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے مخلصانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکی کی حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے وزیر دفاع، جنرل (ر) اولوسی اکار سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات کی طویل تاریخ ہے۔ دونوں ممالک کے مابین دفاعی شعبے سمیت تعلقات میں مزید وسعت لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بین الاقوامی امور پر ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے مابین تما م عالمی فورمز پر مکمل تعاون ہے۔ صدر مملکت نے کشمیر اور ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت سے عراق کے وزیر خارجہ، ڈاکٹر فواد حسین نے بھی ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور عراق مشترکہ مذہب، ثقافت اور مقاصد کے حامل ہیں۔ تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان عراق کی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کرتا رہے گا۔