صبح طلاق‘ شام کو معافی‘ شوہر کی عادت سے تنگ خاتون خلع کیلئے عدالت پہنچ گئی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) شوہر کی طرف سے بار بار صبح کو طلاق دینے اور شام کو معافی مانگنے سے تنگ آ کر سنت نگر کی خاتون پروین نے سول کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کر دیا۔ فیملی عدالت میں خاتون پروین نے بیان دیا کہ اس کا شوہر صبح طلاق دے کر شام کو پاؤں پڑ جاتا ہے۔ عدالت میں قانونی نکتہ اٹھایا گیا کہ اگر کوئی شخص بیوی کو طلاق دے اور بعد میں معافی مانگ لے کیا ایسی صورت میں عورت کو طلاق ہو تی ہے یا نہیں؟۔ عدالت نے وکلاء کو یکم ستمبر کو بحث کیلئے طلب کر لیا۔ پروین نے موقف اختیار کیا کہ یہ معمول کئی ماہ سے جاری ہے۔ ضمیر اجازت نہیں دیتا کہ ایسے شوہر کے ساتھ رہوں۔