ترین کی شوگر ملز کو چینی فروخت کی مشروط اجازت‘ تحریری حکم جاری
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کو چینی فروخت کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔ عدالت نے جے کے اور جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کو حکومتی نوٹیفکیشن اور سیل پرائس کے مطابق مچلکے جمع کروانے کا عبوری حکم جاری کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے جے کے شوگر اور جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کی درخواست پر 2 صفحات کا عبوری تحریری حکم جاری کیا ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ کین کمشنر جہانگیر ترین کی شوگر ملز سے چینی سپلائی کا ریکارڈ مرتب کریں۔ عدالت نے درخواست کو مرکزی درخواست کیساتھ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ جہانگیر ترین کی شوگر ملز کی جانب سے چینی کا ایکس مل ریٹ مقرر کرنے کے حکومتی نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے، درخواست کے حتمی فیصلے تک چینی کی نئی قیمت مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکنے کی استدعا کی گئی ۔ دوسری طرف وفاقی حکومت نے شوگر ملز مالکان کیخلاف تادیبی کارروائی نہ کرنے کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ درخواست میں لاہور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے عبوری حکم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔