پیپلز پارٹی تمام اقلیتوں کے مساوی حقوق کیلئے پرعزم ہے: رحمان ملک
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سابق وزیرِداخلہ و پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رحمان ملک نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سب سے بڑھ کر خدمات انجام دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنی میزبانی میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں عیسائی برادری کے قائدین، سسٹرز اور پوپ نے شرکت کی۔ تقریب کے افتتاح میں پاکستان کی امن، سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ آج کا دن اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی و محبت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے سب مذاہب کیلئے مذہبی آزادی کے پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں مسلک، ذات اور صنف کے قطع نظر برابر کے حقوق حاصل ہوں گے۔ میں آج کے دن کو بین المذاہب ہم آہنگی کا دن کہتا ہوں۔