چینی سفیر کی چیئرمین واپڈا، ڈپٹی چیئرمین سینٹ و سینیٹر فیصل جاوید سے ملاقاتیں
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) چین کے اشتراک سے نوجوان پاکستانی میڈیا پروفیشنلز کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام کے حوالے سے ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے پاکستان میں چینی سفیر نانگ رانگ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں نوجوان پاکستانی میڈیا پروفینشلز کیلئے تیار کردہ خصوصی تربیتی سیمینار کے مختلف پہلوؤں اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور چین کے مابین کثیرالجہتی اشتراک اور عوامی رابطوں میں اضافے کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان علوم و ٹیکنالوجی میں چینی تجربات سے استفادہ کرسکتا ہے۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین سے بدھ کو پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی اور داسو واقعہ کی تحقیقات پر پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔واپڈا اعلامیہ کے مطابق داسو واقعہ کے تناظر میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر دو بارہ کام کے آغاز اور پراجیکٹ ایریا میں چینی ورکرز کی سکیورٹی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین واپڈا نے چینی ورکر ز کی سکیورٹی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ واپڈا اس سلسلے میں تمام حفاظتی اقدامات بروئے کار لا رہا ہے۔