• news

کرونا پھیلانے کے سوا نیب پر سارے الزام لگ چکے ہیں: چیئر مین نیب

 لاہور (سٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس  (ر) جاوید اقبال نے گزشتہ روز لاہور  میں گرینڈ ایونیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین  میں  چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ گرینڈ ایونیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے 1434متاثرین میں 73کروڑ مالیت کے چیک تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہونے انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی سربراہی میں نیب لاہور بیورو کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب لاہور نے نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نیب لاہور کی15ماہ کے قلیل عرصہ میں 2ارب 26کروڑ کی پلی بارگین کسی کارنامہ سے کم نہیں۔ نیب لاہور ریجن 4سالوں میں اربوں روپے تقسیم کر چکا ہے جو قابلِ ستائش ہے۔ جبکہ نیب پلی بارگین آئین و قانون کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کرتا ہے۔ پلی بارگین پر تنقید کریں تو یہ مد نظر رکھا جائے کہ پلی بارگین کسی نہ کسی صورت متعدد یورپی ممالک میں بھی رائج ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں نیب متاثرین کو رقم نہیں دے رہا وہاں انہیں پلاٹ و مکانات دلوا رہا ہے۔  نیب ہر پارلیمنٹیرین کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ نیب نے کبھی کسی پارلیمنٹیرین کی تنقید کا کوئی جواب نہیں دیا کیونکہ پاکستان بنانے والے بھی سیاستدان تھے اور بچانے والے بھی سیاستدان ہی ہیں۔  نیب کا کوئی اقدام آئین و قانون کے خلاف نہیں ہوگا اور کسی کی دل آزاری کبھی ہمارا مقصد نہیں رہا۔ کرپشن کیخلاف بر سرِ پیکار ہوں تو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ نیب پر تنقید سے متعلق نیب کا موقف بھی جان لینا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب پر کرونا کے  سوا اب تک تمام الزامات لگائے گئے لیکن یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے کہ نیب قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے اپنا کام جاری رکھے گا۔ کہا جاتا ہے کہ نیب مقدمات کا جلد فیصلہ نہیں کرواتا جبکہ  درحقیقت فیصلوں کا اختیار نیب کے پاس ہے ہی نہیں۔ یہ کام معزز عدالتوں کا اختیار ہے۔ نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ نیب لاہور نے موجودہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے 4 سالہ دور میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14ارب کی پلی بارگین کیں جبکہ اس دوران نیب لاہور نے60 ارب 66کروڑ کی ان ڈائریکٹ ریکوری بھی کی۔ ان 4 سالوں کے دوران نیب لاہور پراسیکیوشن کی جانب سے 60  ارب مالیت پر مشتمل 206 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے۔  134 ارب روپے کی کارکردگی دکھائی گئی جبکہ اس دوران استعمال ہونے والا کل بجٹ2  ارب  روپے رہا۔ موجودہ قیادت کی سربراہی میں نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی میں 700 فیصد سالانہ تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے لئے نیب لاہور کے آفیسران اور سٹاف تعریف کے حق دار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن