آبائی شہر پہنچنے پر شاندار استقبال ، حکومت اولمپکس 2024 ء کیلئے سہولیات دے : ارشد ندیم
لاہور+میاں چنوں+ خانیوال(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت+ خبر نگار)ٹوکیو اولمپکس کے ہیرو ارشد ندیم کا وطن واپسی پر لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے تاریخی استقبال کیا گیا۔ ائیرپورٹ پر صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی، اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اکرم ساہی اور فیڈریشن کے دوسرے عہدیداروں،ارشد ندیم کے اہل خانہ اور کھیلوں سے وابستہ دوسرے حکام قومی ہیرو کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ارشد ندیم نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈل جیتنے کی بھرپور کوشش کی لیکن معمولی فرق سے رہ گئے، اگلے مقابلوں میں میڈل ضرور جیت کر لائوں گا۔ارشد ندیم نے اپنے کوچ فیاض بخاری، اتھلیٹکس فیڈریشن، سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ اگر ان کی سپورٹ نہ ہوتی تو شاید وہ اس مقام تک نہ پہنچ پاتے۔واضح رہے کہ کھیلوں کے عالمی میلے کے جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم نے فائنل میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ ارشد ندیم کا قافلہ میاں چنوں پہنچا جہاں انہوں نے اپنے والد اور بھائیوں کیساتھ استاد رشید ساقی سے ملاقات کی۔آبائی شہر میاں چنوں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ہوئے، اتھلیٹ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ارشد ندیم لاہور پہنچے تو اپنی والدہ سے جھک کر اور ان کے پاؤں چھو کر ملے، ارشد ندیم کا میاں چنوں میں رشید ساقی کی جانب سے استقبال کیا گیا۔ارشد ندیم نے بھرپور سپورٹ پر پوری قوم، میڈیا اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ 2024 اولمپکس کی بھرپور تیاری کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ارشد ندیم نے کہا کہ 2024 اولمپکس کی تیاری کروں گا، میں نے اپنی محنت کے مطابق رزلٹ دیا۔ارشد ندیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سہولتیں دے تا کہ 2024 اولمپکس کی تیاری کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔اپنے نام پر پیسے لینے والے اداروں کو خبردار کردیا۔انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’میں ارشد ندیم ہوں، آپ سب کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ میرے نام پر دھوکا دہی کی سرگرمیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کسی بھی ادارے یا شخص کو اپنے نام پر پیسے جمع کرنے کا اختیار نہیں دیا ہے۔انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے لوگوں سے ہوشیار رہیں۔ قومی ہیرو ارشد ندیم کو وقار ذکا نے 10 لاکھ روپے بطور انعام دے کر اپنا وعدہ پورا کردیا۔انہوں نے کہا کہ میں یہ رقم اس لیے دے رہا ہوں تاکہ دیگر اتھلیٹ کی حوصلہ افزائی ہو۔ دریں اثنا اتھلیٹ ارشد ندیم نے ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر نے قومی ہیرو کو پھول اور شیلڈ پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں شاندار کارکردگی کو مظاہرہ کیا محدود وسائل کے باوجود مثالی کارکردگی پر قومی اتھلیٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ لاہور ایئر پورٹ پر ان کے اہل خانہ سمیت ایم پی اے رانا بابر حسین نے بھی ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ذیشان ندیم اور ڈی ایس پی راو طارق پرویز نے ارشد ندیم کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائی کھلائی ۔