پی پی ارکان اسمبلی کا ایف آئی اے پیشی سے انکار‘ شہلا رضا حاضر
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سعید غنی اور پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل میں پیش ہونے سے انکار کردیا جبکہ شہلا رضا گذشتہ روز پیش ہوگئیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے معاملے پر وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کی آج ایف آئی اے میں طلبی ہے تاہم انہوں نے پیش ہونے سے انکار کردیا ہے۔ایف آئی اے کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو نوٹسز کی ہارڈ کاپیز بھی بھجوا دی گئی ہیں۔ اس سے قبل نوٹس سوشل میڈیا پر بھیجا گیا تھا جس پر سعید غنی نے اعتراض کیا تھا۔ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ایف آئی اے کیا کارروائی کرے گا۔ ایف آئی اے نے چیف جسٹس پاکستان کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال کے معاملے پرآج صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کو بھی طلب کر رکھا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق اراکین قومی اسمبلی نے کراچی آنے سے یہ کہہ کر معذرت کرلی کہ وہ قومی اسمبلی کے سیشن کے سلسلے میں اسلام آباد میں ہیں جبکہ صوبائی وزیر شہلا رضا سائبر کرائم سرکل میں پیش ہوگئیں۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ شہلا رضا نے ملزم کو پہچاننے سے انکار کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ وہ ملزم کو نہیں جانتیں، اس کا فون نمبر بھی ان کے موبائل میں نہیں ہے، جبکہ اس نے جو کلپ بھیجا وہ بھی کھول کر نہیں دیکھا۔ پیپلز پارٹی کے دیگر ورکرز اور مقامی عہدیدار بھی پیش ہوئے اور اپنے بیانات قلمبند کروائے۔