• news

احتساب عدالت نے خواجہ آصف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ آصف کی عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی ہے۔ احتساب عدالت لاہور میں اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی جس میں مسلم لیگ نون کے راہنما خواجہ آصف پیش ہوئے۔ خواجہ آصف کے وکلاء نے ریفرنس دائر ہونے تک عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف ریفرنس تاحال دائر نہیں کیا گیا اور ماضی میں ایسی صورتحال میں حاضری سے استثنی کی استدعا منظور کی گئی ہے۔ احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں دیگر احتساب عدالتوں کا پابند نہیں تاہم آپ ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں دکھائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے خواجہ آصف کو ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنی کی مخالفت  کی۔ نیب پراسیکیورٹر نے موقف اختیار کیا کہ جب تک عدالت کوئی آرڈر نہیں کرتی خواجہ آصف عدالت پیش ہونے کے پابند ہیں تاہم عدالت نے وکلاکے دلائل سننے کے بعد خواجہ آصف کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافی نے خواجہ آصف سے سوال کیا کہ نواز شریف کا ویزا ختم ہوگیا ہے تو کیا توسیع کی درخواست کرنی چاہیے؟ جس پر خواجہ آصف نے جواب دیا کہ میں یہاں پیشی پر آیا ہوں سیاسی گفتگو کرنے نہیں آیا۔

ای پیپر-دی نیشن