نور مقدم قتل کیس‘ فرانزک رپورٹ میں بدترین تشدد‘ زیادتی کی تصدیق
اسلام آباد (آئی این پی) نور مقدم کیس کی فرانزک رپورٹ میں قتل سے پہلے مقتولہ کے ساتھ زیادتی کا انکشاف ہوا ہے۔ اسلام آباد پولیس کو نور مقدم کیس کی فرانزک رپورٹ موصول ہوگئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مقتولہ نور مقدم کا پوسٹ مارٹم قتل سے 12گھنٹے بعد کیا گیا۔ ملزم ظاہر جعفر کا ڈی این اے اور فنگر پرنٹس وقوعہ سے حاصل نمونوں سے میچ کرگئے ہیں۔ قتل میں استعمال ہونے والے چاقو پر ملزم ظاہر جعفر کی انگلیوں کے ہی نشانات ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا شخص ملزم ظاہر جعفر اور نور مقدم ہی ہیں۔ فرانزک رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ظاہر جعفر نے قتل سے پہلے مقتولہ سے زیادتی بھی کی اور مقتولہ نور مقدم پر بدترین تشدد کیا گیا۔