• news

میانوالی نمل انسٹیٹیوٹ کو یونیورسٹی بنانے کا بل منظور، مہنگائی بڑھنے سے جرائم میں اضافہ ، اپوزیشن 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی نے میانوالی نمل انسٹیٹیوٹ کو نمل یونیورسٹی بنانے کا بل منظور کر لیا جبکہ دی پروانشل موٹر وہیکل ترمیمی بل ایوان میں پیش کردیا گیا جسے سپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ اجلاس 3 گھنٹے  29 منٹ کی غیر معمولی تاخیر سے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔ صوبائی وزیر حسین جہانیاں گردیزی نے محکمہ زراعت کے متعلقہ سوالوں کے جوابات دئیے۔رکن اسمبلی طاہر پرویز کے سوال کے جواب میں  وزیر حسنین جہانیاں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں جہاں بھی سورج مکھی کی فصل کاشت ہو وہاں فی ایکڑ پانچ ہزار روپے سبسڈی دی جاتی ہے ،2018-19ء  میں 63 ہزار ایکڑ کیلئے 31کروڑ 50لاکھ روپے سبسڈی دی گئی، 2019-20ء  میں 32کروڑ 50 لاکھ روپے سبسڈی دی، ایوب ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد کو پرائیویٹائز نہیں کررہے،  صلاحیت بڑھانے کیلئے اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔ نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے بجٹ کے بعد پانچ ضمنی بجٹ آ چکے ہیں ،پٹرول اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ وفاق کے ذمہ ہے تو ہم یہاں کس لیے آتے ہیں ،ہم بس بل پاس کرتے ہیں اور گھر چلے جاتے ہیں؟، بجٹ کے بعد تمام اشیاء کی قیمتیں بڑھتی جا رہی ہیں ، اگر دیہات نہ ہوتے تو سڑکوں پر قتل و غارت ہو رہی ہوتی، لوگوں کی روٹی پوری نہیں ہو رہی جس وجہ سے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس ایوان میں بیٹھے ممبر اس کے ذمہ دار ہیں ہم کیوں باہر نہیں نکلتے ،12کروڑ کے صوبے کو لاوارث نہ کیا جائے۔ دو سوال ہوئے نمل یونیورسٹی جیسی ہزار بنائیں، لیکن عوام کا بھی سوچیں ،گھی کی قیمت میں 90روپے اضافہ ہو اکون ذمہ دار ہے ،پٹرول کی قیمت ہر ماہ بڑھ رہی ہے کوئی جوابدہ نہیں ،کوئی پوچھنے والا نہیں ،پنجاب کی آخری امید اب پرویز الٰہی ہے ،جب حکومتی ممبران حلقوں میں جائیں گے ان کو پتا چلے گا،اب عوام کو آگاہی مل رہی ہے ،اگر ہم نے خاموش رہنا ہے ،تو ہم سب اس کے مجرم ہیں۔ مہنگائی سے تنگ عوام سڑکوں پر نکل آئے تو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا،ہم  ارکان  ذمہ دار ہیںہیں جو مہنگائی پر بات ہی نہیں کرتے،جو مینار پاکستان پر ہاتھوں میں پنکھے لے کر لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی پر احتجاج کرتے وہ بھی آج خاموش ہیں ،لوڈ مینجمنٹ کے نام پر لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ،سوشل میڈیا پر لوگ مہنگائی پر گالیاں دیتے ہیں خاموشی اختیار کئے رکھیں گے تو پھر ہم سارے ہی مجرم ہوں گے اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گے۔ سپیکر نے اجلاس آج جمعہ صبح نو بجے تک ملتوی کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن