• news

قوم اختلافات بھلا کر اکٹھی ہو جائے: شجاعت‘ پرویز الٰہی ‘مونس

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر مونس الٰہی نے یوم آزادی پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی ہمیں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا احساس دلاتی ہے۔ آج کا دن تقاضا کرتا ہے کہ تمام اختلافات بھلا کر پوری قوم اکٹھی ہو کر عام آدمی کی بہتری کیلئے کام کرے تاکہ ان کو مہنگائی اور بے روزگاری کے چنگل سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی جھنڈے تلے پاکستان قائم ہوا تھا اب انشاء اللہ مسلم لیگ کے جھنڈے کے نیچے ہی وطن عزیز مضبوط ہو گا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر چلنے کا ہمیں عہد کرنا چاہئے۔ قوم آج بھی قائداعظم کا پاکستان چاہتی ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ یوم آزادی ہر سال ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ دین اسلام کے نام پر حاصل ہونے والا پاک وطن تقاضا کرتا ہے کہ ہم اللہ پاک سے معافی مانگیں اور آج پکا عہد کریں کہ اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے سنہری اصولوں پر چلتے ہوئے آئندہ ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ پیارے وطن پاکستان کی خدمت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن