پاکستان شہید وں کی قربانیوں کا ژمر، ریاست مخالف بیانیے کی گنجائش نہیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں محنت اور اخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں ریاست مخالف بیانیہ کی رتی بھر گنجائش نہیں۔ موجودہ حالات میں منفی سیاست غیر دانشمندانہ اور قومی مفادات کے منافی ہے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا۔ مایوس عناصر عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ عوام منفی سیاست کی بجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔بدقسمتی سے اپوزیشن نے ملکی مفاد کو پس پشت ڈالا ہوا ہے۔ سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے ممبر وسیم رضا جعفری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے یوم آزادی پر ون ویلنگ کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ سے اپنی اور دوسروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عثمان بزدار نے یوم آزادی پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ یوم آزادی دراصل یوم تشکر بھی ہے اور یوم تجدید عہد بھی۔ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت سے نوازا۔ پاکستان لاکھوں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ تحریک پاکستان کے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آزاد وطن کا حصول قائداعظم کی شب و روز محنت اور علامہ اقبال کے خواب کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پربھارتی غیر قانونی نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں کرسکتی۔