صحت کی سہولت ہر قیدی کا حق‘ جیلوں میں وی آئی پی کلچر ختم کیا جائے: ہائیکورٹ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سہیل ناصر نے بیمار قیدی فخر اسلام کی ہسپتال منتقلی کا عمل 3 روز میں مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ ایمرجنسی میں مریضوں کی ہسپتال منتقلی کی اجازت ٹیلیفونک حکم پر بھی کردی جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ فیصلہ پنجاب کے تمام سیشن ججز، آئی جی جیل خانہ جات، آئی جی پنجاب اور تمام متعلقہ افسروں کو بھجوایا جائے۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ صحت کی سہولیات حاصل کرنا ہر قیدی کا حق ہے۔ جیلوں میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا جائے۔ بااثر اور امیر شخص کیلئے ساری ریاستی مشینری حرکت میں آ جاتی ہے۔ جن کی کوئی سماجی پہچان نہیں انہیں محکموں کی خط و کتابت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ سیشن جج جیلوں کے دورے کے دوران یقینی بنائیں کہ کسی بیمار قیدی کی ہسپتال منتقلی کی درخواست زیر التواء نہ ہو۔