لیبر ڈیپارٹمنٹ نے ویلفیئر گرانٹ کے سسٹم کو آن لائن کر دیا
لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر اعظم پاکستان کے وژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ورکرز کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ویلفیئر گرانٹ کے سسٹم کو آن لائن کر دیا گیا ۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی بورڈ میں ایک پرْوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نے مہمان خصوصی شرکت کی اور ''پنجاب ورکرز ویلفیئر گرانٹ آٹومیشن سسٹم'' کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ویلفیئر گرانٹ کے آن لائن ہونے سے ورکرز گھر بیٹھے تعلیمی وظائف، فوتیدگی گرانٹ اور ویلفیئر گرانٹ کے لئے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔وزیرلیبر نے افسران کو محکمہ محنت کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ دن بدن ہمارے خواب حقیقت میں بدل رہے ہیں۔آٹومیشن کے ذریعے کرپشن ختم اور اداروں کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔اس سے قبل سکالرشپ سکیم کو ''آن لائن'' طریقہ سے شرو ع کیا جو کہ کامیابی سے ہمکنار ہے۔ آن لائن سسٹم میں سٹوڈ نٹ گھر سے سکالرشپ کے متعلقہ دستاویزات مکمل کر کے اپ لوڈ کر تے ہیں اور طالب علموں کو کیس کے متعلق معلومات smsکے ذریعہ بھی فراہم ہوتی رہتی ہے۔