پاکستان کو یوم آزادی مبارک،تعلقات میں بہتری کے منتظر:امریکہ
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکا کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ دل کی گہرائیوں کے ساتھ امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کویوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ٹونی بلنکن کا پاکستان کے جشن آزادی پر امریکا کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ 7دہائیوں سے بہترین تعلقات استوار ہیں اور آئندہ بھی جنوبی ایشیا میں قیام امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہے گا، امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک سال کے دوران صحت جیسے کلیدی شعبے میں تعاون کو بڑھایا، کرونا وائرس کیخلاف امریکا پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 5.5ملین ڈوز فراہم کررہا ہے۔ ہم افغان امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے بھی تعاون جاری رکھتے ہیں،آنے والے برسوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا منتظر ہوں ۔خادمین الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے دلی تمناؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر خادمین الحرمین الشریفین، سعودی ولی عہد کے خصوصی تہنیتی پیغامات ارسال کئے جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ خادمین الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کی جانب سے پیغام میں پاکستانی عوام کے لیے دلی تمناؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ سری لنکا کے وزیراعظم مہنداراجا پاکسے نے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے لکھا کہ میں سری لنکا کی حکومت اور عوام کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی عوام اور حکومت کو 75 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔