دشمن پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں‘رحمان ملک
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ء سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ہمارے قائدین اور شہداء کے مرہون منت آج ہم ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر قوم کے بہادر شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 14اگست کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا آج دشمن سازشوں سے پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، ہم مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا جشن آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، بابائے قوم قائد اعظم و بانیان پاکستان کو سلام و خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ۔ انہوںنے کہاکہ آج ہمیں سوچنا ہوگا پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا مگر ہم نے پاکستان کو کیا دیا، آزادی کی نعمت کا اندازہ ان محکوم قوموں سے پوچھا جائے جو ظلم سہہ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یوم آزادی منانے کا مقصد ملک کی خوشحالی، ترقی اور امن کیلئے کوششوں کے عزم کا اعادہ ہے۔