• news

چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ذاتی عناد سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنا ہونگے،شہباز شریف

لاہور (آئی این پی ) شہباز شریف نے  کہا ہے کہ یہ ملک  لازوال قربانیوں اور ایک عظیم جدوجہد کے نتیجے میں حاصل کیا گیا، شاعر مشرق علامہ اقبال نے جو خواب دیکھا اس کی تعبیر کے لیے مسلمانان ہند نے قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں بھرپور جدوجہد کے نتیجے میں تاریخ رقم کی، 74ویں یوم آزادی پر  قوم کے نام پیغام میں  شہباز شریف نے کہا کہ  14 اگست  کے دن اللہ تعالی کے  بے پایاں فضل و کرم سے ہمیں آزادی جیسی نعمت حاصل ہوئی اور دنیا کے نقشے پر ہم ایک آزاد قوم کی حیثیت سے ابھرے، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے اس ملک کی خدمت کی ہے اور اقوام عالم میں عزت کا مقام دلوانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے ہیںاس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے سے لے کر لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کا خاتمہ، ملک میں موٹرویز کا جال اور سی پیک جیسے عظیم منصوبے کے تحت تاریخی سرمایہ کاری مسلم لیگ( ن) کی اس ملک کیلئے خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہیںآج وقت کی اہم ضرورت ہے کہ بھائی چارے، رواداری اور تحمل مزاجی کو اپنا کر قوم کو یکجا کیا جائے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی ذاتی انا اور عناد سے بالا تر ہوکر فیصلے کرنا ہوں گے14 اگست کا دن اس عزم کے اعادے کا بھی دن ہے کہ اس ملک کو حقیقی معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔  پاکستان نے عظیم کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستان نے دفاع کے شعبے میں ناقابل یقین کامیابیاں حاصل کیں، الحمداللہ ہم دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی اولین ایٹمی قوت ہیں۔ ہم اپنے اسلاف، تحریک پاکستان کے قائدین، رہنماؤں، کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بابائے قوم حضرت قائداعظم اور مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبال کی ولولہ انگیز قیادت و بصیرت کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان کے طول و عرض میں بسنے والے مسلم اور غیرمسلم پاکستانیوں نے وطن عزیز کی خوشحالی اور تعمیر میں گرانقدر کردار ادا کیا ہے۔ ہماری مائیں، بہنیں، بیٹیاں خراج تحسین کی مستحق ہیں جو مردوں کے شانہ بہ شانہ پاکستان کی عزت و وقار بڑھانے میں پیش پیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی خود مختاری کے ذریعے معاشی قوت بنانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے، معاشی خودمختاری کے ذریعے ہی ہم جدید، اسلامی، جمہوری، فلاحی اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرسکتے ہیں، غیروں کا دست نگر رہنا پاکستان کے لئے عظیم قربانیاں دینے والے شہداء  اور بانیان پاکستان کے روبرو ہمیں جوابدہ بناتا ہے، معاشی، دفاعی، علمی، اخلاقی، سماجی اور سفارتی لحاظ سے خودمختار پاکستان ہی آزادی جموں وکشمیر کی ضمانت ہے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ نواز شریف کی قیادت میں قائداعظم اور علامہ اقبال کا مشن پورا کر کے رہیں گے، مسلم لیگ (ن) تحریک پاکستان کے جذبے سے تعمیر پاکستان کی منزل حاصل کرنے کی جدوجہد کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن