• news

کروبا:اموات،4786نئے مریض،متاثرہ ممالک میں پاکستان30ویں نمبر پر آ گیا

اسلام آباد، کراچی، پشاور (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) این سی او سی کے مطابق پاکستان کے بڑے شہروں میں کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ، سب سے بلند ترین شرح سکردو میں ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ کراچی میں  یومیہ شرح 14.60فیصد رہی، تفصیلات کے مطابق کرونا کی یومیہ بلند ترین 20.14فیصد شرح سکردو میں ریکارڈ کی گئی۔ گلگت میں یومیہ شرح6.33  اور دیامر میں 7.48فیصد رہی۔  24گھنٹوں کے دوران کراچی میں کرونا کی یومیہ شرح 14.60، حیدرآباد میں 8.98فیصد اور وفاقی دارالحکومت میں یومیہ شرح 11.15فیصد ریکارڈ ہوئی۔ پشاورمیں شرح 14.24، صوابی میں 7.02فیصد، مردان میں 9.62، ایبٹ آباد میں13.13 فیصد، سوات میں 3.28، چارسدہ میں 1.29فیصد رہی۔ 24گھنٹے میں لاہور میں  شرح 9.84، گجرات میں 2.16فیصد، فیصل آباد میں شرح 5.87، گوجرانوالہ میں1.97فیصد، بہاولپور میں شرح 6.45فیصد، راولپنڈی میں  12.54فیصد اور کوئٹہ میں کیسز کی شرح 3.87 فیصد رہی جبکہ مظفرآباد میں کرونا کی یومیہ شرح 18.25، میرپور میں 12.64فیصد رہی۔ کرونا وائرس سے 73 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی کل تعداد 24ہزار 339ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10لاکھ  94ہزار 699 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 4ہزار 786نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جبکہ ملک میں کرونا کی شرح 8.09فیصد سے تجاوز کرگئی۔ سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی۔ ملک کرونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ایک بار پھر 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ فلپائن کے صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک نے کرونا وائرس کے انتہائی متعدی ڈیلٹا ویرینٹ کے بڑھتے کیسز پر تشویش کے باعث پاکستان بھارت اور دیگر 8 ممالک پر سفری پابندی میں اگست کے آخر تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ فلپائن کی جانب سے پہلی بار سفری پابندی 27 اپریل کو عائد کی گئی تھی جس کے بعد اس میں متعدد بار توسیع کی جا چکی ہے جبکہ پابندی کی زد میں آنے والے ممالک میں پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، متحدہ عرب امارات، عمان، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ نادرا کے تعاون سے پاک کرونا ویکسی نیشن پاس ایپ متعارف کرا دی ہے۔ ایپلی کیشن کرونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا ڈیجیٹل والٹ ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) نے اندرون ملک فضائی سفر کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ اندرون ملک فضائی سفر کے لیے 10 ستمبر سے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ ایک ڈوز لگانے والے پاکستانی مسافروں کو پہلے دی گئی سفری رعایت10 ستمبر سے واپس لے لی جائے گی۔ خیبر پی کے میں کرونا مثبت کیسز کی شرح میں ایک مرتبہ  پھر تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ عوامی سطح پر لاپرواہی کے باعث فعال کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 6 ہزار 530 ہو گئی ہے۔ صوبہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 16 افراد کرونا سے زندگی کی بازی ہار گئے۔ محکمہ صحت کی جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چترال اپر میں سب سے زیادہ یومیہ مثبت کیسز کی شرح 30 فیصد جبکہ مردان میں 20 فیصد رپورٹ ہوئی ہے۔ اسی طرح دیگر اضلاع میں ایبٹ آباد میں کرونا مثبت شرح 19 فیصد، مانسہرہ 18 فیصد رپورٹ ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن