کراچی منی ٹرک پر دستی بم حملہ،شادی سے آنے والے خاندان کے11افراد جاں بحق
کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے علاقہ بلدیہ ٹاؤن میں ٹرک میں دھماکہ سے 11 افراد ہلاک 9 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں 6 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکہ مواچھ موڑ پی ایس او پٹرول پمپ کے قریب ایک شہزور منی ٹرک میں ہوا ۔ دلخراش واقعے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔ جبکہ ہسپتال میں دوران علاج مزید 7 افراد دم توڑ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر منی ٹرک پر کریکر سے حملہ کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مواچھ گوٹھ میں دھماکے کا نشانہ بننے والا خاندان شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا کہ اس پر بم سے حملہ کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ منی ٹرک والے نے بلدیہ پریشان چوک سے ایک فیملی کو بٹھایا تھا۔ جاں بحق ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق ایک ہی برادری سے ہے۔ ذرائع کے مطابق سواتی فیملی کے20 سے25 افراد بٹھائے گئے جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ تھی۔ بلدیہ مواچھ موڑ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار پیچھے سے آئے اور کوئی چیز پھینکی۔ ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ بھی کی۔ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔ دوسری جانب بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ کے معائنے کے بعد بتایا کہ دھماکا سلنڈر سے نہیں بلکہ بم سے کیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے سے ٹرک کی باڈی پر چھروں اور نٹ بولٹ کے کافی نشانات پائے گئے ہیں جو بم میں استعمال کیے گئے جبکہ دھماکا مقامی طور پر تیار کیے گئے بم سے کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ گاڑی میں کوئی چیز پھینکی گئی جس کے بعد دھماکا ہوا۔ منی گاڑی میں گیس سلنڈر موجود نہیں ہے۔ مختلف پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔ ایس پی بلدیہ کا کہنا ہے کہ بلدیہ مواچھ موڑ پر موٹر سائیکل سوار نے گاڑی میں دھماکا خیز مواد پھینکا۔ واقعہ بظاہرکریکر کا معلوم ہوتا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مواچھ گوٹھ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سے تفصیلات طلب کر لیں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کی بھرپور مدد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔