پٹرول 50 پیسے، ڈیزل 2.50 روپے، مٹی کا تیل ایک روپیہ لٹر مہنگا ہونے کا امکان
اسلام آباد، لاہور (نمائندہ نوائے وقت + وقائع نگار) اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز وزارت خزانہ کو بھیج دیں۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی ہے۔ جبکہ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے لئے تجاویز وزارت خزانہ کو بھیج دی گئی ہیں اور وزارت خزانہ کو سمری موصول ہوگئی ہے۔ سمری میں پٹرول کے نرخوں میں 50پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 50پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل آئل کے نرخوں میں ایک روپیہ فی لیٹر اور مٹی کے تیل کے نرخ بھی ایک روپیہ فی لٹر بڑھانے کی تجویز ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی سمری موجودہ پٹرولیم لیوی کے مطابق تیار کی گئی ہے اور لیوی میں ردو بدل نرخوں میں مزید تبدیلی کا باعث ہو سکتا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کی تجویز پر حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کرے گی۔ جب کہ نئی قیمتوں پر عملدرآمد سولہ اگست سے ہوگا۔