گورنر پنجاب آئندہ الیکشن میں این اے 117 سانگلہ ہل سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہونگے: رابطے‘ ملاقاتیں شروع
سانگلاہل (نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور آئندہ الیکشن میں این اے117سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہونگے۔ گورنر پنجاب نے این اے117کے سیاسی عمائدین سے رابطے اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ عوامی رابطہ مہم کا آغاز این اے 117کے بڑے قصبے سانگلاہل سے کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حلقہ کے پی ٹی آئی رہنمائوں نے چوہدری محمد سرور سے این اے117 سے الیکشن لڑنے کی درخواست کی ہے۔ جس پر چوہدری محمد سرور نے حلقہ کی سیاسی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لینے کیلئے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور حلقہ کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لینا شروع کر دی ہے۔ گورنر پنجاب سے 10دنوں میں سانگلاہل سے متعدد افراد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔