پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب میں جلد سیاسی دھماکہ کریگی: بلاول
رحیم یار خان(بیورو رپورٹ) پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی پی بلوچستان کے بعد اب عنقریب جنوبی پنجاب میں ایک بڑا سیاسی ’’دھماکہ‘‘ کرنے جا رہی ہے جس کے بعد جنوبی پنجاب میں پی پی پی ایک بہت بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔گزشتہ روز بلاول ہاؤس کراچی میں پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدرمخدوم سید احمد محمود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی کئی قد آور سیاسی شخصیات عنقریب پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر رہی ہیں جس سے آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں پی پی پی ریکارڈ سازکامیابیاں حاصل کرے گی۔معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر مخدوم سید احمد محمود نے بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے 2018ء میں جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ا ن میں میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا جن میں خاص طور پر نئے صوبے کا قیام،جنوبی پنجاب کے لئے نوکریوں کا کوٹہ مختص کرنا اور یہاں کی آبادی کے تناسب سے فنڈز کی فراہمی شامل ہے جس کے باعث آئندہ عام انتخابات میں جنوبی پنجاب سے پی ٹی آئی کو ایک بڑی سیاسی شکست متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق اگست کے چوتھے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں ملتان یا جمال دین والی،رحیم یار خان میں ایک بڑی تقریب جس کے مہمان خصوصی بلاول بھٹو زرداری ہونگے، میں جنوبی پنجاب کی کئی اہم شخصیات پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔