کراچی بم حملہ میں 3 دہشت گرد ملوث، ہلاکتیں 13 ہوگئیں
کراچی (نیٹ نیوز، این این آئی)کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ کے قریب منی ٹرک میں ہونے والے بم دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔ گزشتہ رات 9 بجکر 45 منٹ پر افسوس ناک واقعہ میں 7 خواتین اور 6 بچے دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے گفتگو میں کہا کہ حملے میں روسی ساختہ دستی بم استعمال کیا گیا تھا جس کا لیور بھی جائے وقوعہ سے مل گیا ہے۔علاوہ ازیں کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ دھماکے میں جاں بحق 13 افراد کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تین موٹرسائیکل سوار دہشت گرد مبینہ طور پر دھماکے میں ملوث ہیں۔ تینوں دہشت گرد ایک ہی موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ دہشت گردوں نے منی ٹرک کا پیچھا کیا بظاہر دستی بم چلتی موٹرسائیکل سے پھینکا گیا۔ دستی بم منی ٹرک پر گرنے سے پہلے ہوا میں پھٹا جائے واردات کی جیوفیسنگ کررہی ہے۔ ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد جماعت اسلامی کے رہنما معراج خان سواتی کے اہلخانہ ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نعیم الرحمٰن نے اس حوالے سے بتایا کہ دھماکے میں معراج خان سواتی کی اہلیہ، دو سالیاں اور نواسی جاں بحق ہوئیں جبکہ معراج سواتی کی بیٹی زخمی ہے۔دوسری جانب زخمیوں کی عیادت کیلئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اور پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان ہسپتال پہنچے۔ کراچی سے این این آئی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں دہشت گرد واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یقین ہے، واقعہ میں ملوث مجرمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بدترین بربریت ہے،شہرِ قائد میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے نہیں دیں گے، کراچی میں امن کیلئے بڑی قربانیاں دیں ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔