عرس بابا فریدؒ، بہشتی دروازے کی دوسرے روز قفل کشائی، وزیر اوقاف کا دورہ
پاکپتن، لاہور (نمائندہ نوائے وقت + خصوصی نامہ نگار) بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 779 ویں سالانہ عرس مبارک کے دوسرے روز بہشتی دروازہ کھول دیا گیا۔ سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی نے خاندان چشت اور مشائخ عظام کے ہمراہ بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کی۔ قفل کشائی کی تقریب میں ڈی سی پاکپتن رانا شکیل اسلم، ڈی پی او پاکپتن فیصل مختار اور دنیا بھر سے آئے ہوئے مشائخ عظام علمائ، عقیدت مندوں، تاجران اور زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قفل کشائی کے دوران فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور حق فرید یا فرید سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ قفل کشائی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کرونا وباء کے پیش نظر بہشتی دروازہ کا آخری روز تھا۔ وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے بابا فرید الدین گنج شکر کے جاری عرس مبارک کے موقع پردربار بابا فرید کے اطراف کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات اور کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ سید سعیدالحسن شاہ نے ہدایت کی کہ جو زائرین دربار شریف کے اطراف میں موجود ہیں ان کو بہشتی دروازہ سے گزرنے کا موقع دیا جائے۔