کسی غیر مسلم کیساتھ ناروا سلوک رکھنے والا مسلمان کہلانے کا حقدار نہیں:فیاض چوہان
راولپنڈی(این این آئی) ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کسی غیر مسلم کے ساتھ ناروا سلوک رکھنے والا مسلمان کہلانے کا حقدار نہیں،مودی کے بھارت میں اقلیتوں کو نہ بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں، نہ انصاف تک جلد رسائی۔اپنے حلقے کے مرکزی چرچ میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ 14 اگست صرف مسلمانوں کا نہیں، پاکستان میں بسنے والی ہر اقلیت کا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسیحی برادری نے بھی قائد اعظم کے شانہ بشانہ تحریک پاکستان میں حصہ لیا۔ انہوںنے کہاکہ کسی غیر مسلم کے ساتھ ناروا سلوک رکھنے والا مسلمان کہلانے کا حقدار نہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ قائد اعظم اور عمران خان کے پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جبری اسلام قبول کروانے کی نہ اسلام اجازت دیتا ہے، نہ ہمارا قانون، نہ عدالتیں اور نہ ہی حکومت۔ انہوںنے کہاکہ رحیم یار خان مندر کیس میں ملوث افراد کو فوری ایکشن لیتے ہوئے نشان عبرت بنا دیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام اور معاشرہ اجتماعی طور پر امن پسند اور اقلیتوں کا احترام کرنے والا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج مودی کے بھارت میں اقلیتوں کو نہ بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں، نہ انصاف تک جلد رسائی۔