• news

خواتین کو حقوق دلانے کیلئے پرعزم ہیں: گورنر پنجاب 

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کی منزل ابھی دور ہے مگر  پاکستان کی سمت، عزم اور اقدامات بڑے واضح ہیں۔ ہم پورے عزم کے ساتھ خواتین کے حقوق کی فراہمی کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ مشن میںکامیاب بھی ہوں گے۔ 'قیام پاکستان میں فاطمہ جناح سمیت دیگر خواتین فر نٹ لائن پر کام کرتی رہی ہیں۔ جن پر ہمیں فخر ہے۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں ویمن پیس کونسل اور سی ای اوز 101کے زیر اہتمام فاطمہ جناح نیشنل پرائیڈ ایوارڈ ز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر ویمن پیس کونسل کی چیئر پرسن وگورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور، جسٹس (ر) ناصر ہ جاوید اقبال، کیپٹن (ر) رفعت حئی، سماجی کارکن مسرت مصباح ، ماہر زراعت زنیت صوبی اور سماجی کارکن فر یال گوہر تحریک انصاف کی ایم پی اے اعظمی کاردار، چیف ایگزیکٹو سی ا ی اوز 101ذیشان ضیاء راجہ، مسز فرزانہ علی سمیت خواتین کثیر تعداد میں موجود تھیں۔ اس موقعہ پر گورنر پنجاب نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین میں ایوارڈ بھی تقیم کیے۔ تقریب سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے وہاں خواتین کی ترقی اور انکا تحفظ لازم ہوتا ہے۔ ہمارے ملک میں ایک خاتون وزیراعظم رہیں، کم عمر ترین نوبل پرائز جیتنے والی خاتون کا تعلق پاکستان سے ہے۔ موجودہ حکومت احساس پروگرام سمیت ہر منصوبے میں خواتین کو انکا حق دے رہی ہے۔گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور نے کہا کہ خواتین ہر شعبے میں کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ پروین سرور نے کہا کہ سرور فائونڈیشن خواتین کو مفت ہنر سکھانے کیلئے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں 150سے زائد سنٹرز چلا رہی ہے۔ جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کہا کہ خواتین کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن