• news

 پاکستان عمران خان کی قیادت میں بھرپور ترقی کر رہا ہے،  قائم مقام ہائی کمشنرکینیڈا 

اسلام آباد(نا مہ نگار) کینیڈا میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر شہباز ملک نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا افغان عوام کی مرضی اور اتفاق رائے سے حل نکلنا چاہیے اور پاکستان اس ضمن میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر کوششیں کرتا رہے گا۔انہوں نے اس امر کا اظہار پاکستان کے پچھترویں یوم آزادی کی مناسبت سے کینیڈا کے دارلحکومت اٹاوا میں مقامی پاکستانی تنظیم سلام پاکستان کے زیر اہتمام ایک ثقافتی میلے سے خطاب کے دوران کیا۔میلے میں ایک کثیر تعداد میں کینیڈین پاکستانیوں اور مقامی شہریوں نے شرکت کی اور پاکستان کی ثقافت،فنون،لباس،کھانوں سے سجے سٹالوں سے اپنی پسند کی خریداری کی۔شہباز ملک نے کہا کہ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بھرپور ترقی کر رہا ہے اور ملک کو درپیش تمام چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ یوم آزادی مناتے ہوئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو نہ بھولیں جو بھارتی جبر ا استبداد کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔میلے سے کینیڈا کی پارلیمنٹ کی رکن اور خزانہ اور مڈل کلاس کی خوشحالی کے شعبے کی معاون وزیر مونا فورٹیئر کے علاوہ رکن پارلیمنٹ کینیڈا آریا چندرا اور ڈپٹی میئر اٹاوا لورا ڈوڈس نے بھی خطاب کیا اور کینیڈین پاکستانیوں کو پاکستان کے یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کینیڈا کی ترقی اور کامیابی میں ان کے کردار کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن