امریکی شکست افغان عوام اور عالم اسلام کی کامیابی ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ امریکی شکست افغان عوام اور عالم اسلام کی کامیابی ہے ۔ امید ہے کہ امریکہ افغانستان سے نکلنے کے بعد اب کسی بھی ملک پر چڑھائی نہیں کرے گا ۔اب تک طالبان نے جو اعلانات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں ۔ طالبان کا پرامن رہنا، مخالفین سے انتقام نہ لینا ، سفارتکاروں اور غیر ملکیوں کو تحفظ اور عام معافی دینے کے اعلان کی موجودہ دنیا میں مثال نہیں ملتی ۔ افغان عوام نے ہمیشہ بڑی طاقتوں کو شکست دی ہے۔ ان میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ خود اپنے ملک کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کر سکتے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے سونامی کے ذریعے عوام کے حصے میں صرف ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی آئی ۔عوام جماعت اسلامی کو ووٹ کے ذریعے اپنے اختیارات دیں تاکہ قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے بعد ان کے حقوق ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچیں۔ ملک میں سید ناعمر فاروق ؓ کا نظام لانے کے لیے اب عوام موقعہ دیں۔ کارکنان نئے عزم اور جذبے کے ساتھ ہر گھر اور ہر فرد تک پیغام پہنچائیں کہ جماعت اسلامی سب سے بہتر اور واحد آپشن ہے جو ان کے حالات میں تبدیلی لاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ افغانستان میں تیسری بار عالمی قوتوں کی شکست نے کشمیر و فلسطین کی آزادی کے خواب کو مزید تقویت دی ہے۔گزشتہ رات کراچی میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے امیر جماعت کا کہنا تھاکہ دہشت گرد ی کی اس واردات کے مرتکبین کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ 48گھنٹوں کے اندر اندر دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے اور ان کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔