• news

 وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائی،فخر امام

اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے 15اگست کو جموں و کشمیر کے عوام کے لئے یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لئے فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے زیر اہتمام سیمینار کی صدارت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے ریپ اور ٹورچر کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے ، تاکہ وہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو ختم کر سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ نے 5اگست 2019کو ہندوستان کی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائی کے نتیجے میں متعدد مواقع پر کشمیر کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا ہے ، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد ، یہ پہلا موقع تھا جب فرانس کی پارلیمنٹ نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ اٹھایا۔ فخر  امام نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی متعدد ریپورٹس دستیاب ہیں جو کشمیر میں مودی حکومت کی انسانی حقوق کی پامالیوں کو ثابت کرتی ہیں۔  وفاقی وزیر نے کہا کہ ہندوستان کے تنگ نظر یعے نے 8 ملین کشمیریوں کو آئیسولیٹ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو فوری طور پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئے کیونکہ پاکستان اور ہندوستان نیوکلیر پاورز ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر آنکھیں کھولنا شروع کردی ہیں جن پر بین الاقوامی میڈیا جیسے نیو یارک ٹائمز ، واشنگٹن پوسٹ ، وال اسٹریٹ جرنل وغیرہ نے روشنی ڈالی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ ، جاپان ، آسٹریلیا اور ہندوستان کے مابین ابھرتی ہوئی اسٹریٹجک پارٹنرشپ نے ہندوستان کو خطے میں اپنے ہیجونک ڈیزائن کو بڑھانے کی اجازت دی ہے۔فخرامام نے کہا کہ مودی حکومت کے آر ایس ایس نظریہ کے تحت ہندوستان کی اخلاقیات مکمل طور پر تباہ  ہوچکی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بھارت کو ایک جابر اور جارحیت پسند ملک کے طور پر دنیا بھر میں بے نقاب کرتی رہے گی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کہ لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن