نورمقدم کیس، تھراپسٹ سمیت 6 ملزموں کا ریمانڈ، آج پھر پیشی
اسلام آباد (این این آئی) نورمقدم قتل کیس میں گرفتار تھراپی سینٹر کے مالک ڈاکٹر طاہر سمیت چھ ملزمان کاایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا، ملزمان کو (آج) پیر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ نور مقدم قتل کیس میں گرفتار تھراپی سینٹر کے مالک ڈاکٹر طاہر سمیت چھ ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان کی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان میں ڈاکٹر ظہور، ڈاکٹر وامق، ڈاکٹر دلیپ کماراور ظاہر جعفر کے چاقو سے زخمی ہونیوالا امجد بھی شامل تھا۔ عدالت میں سرکاری وکیل ساجد چیمہ کی جانب سے ظاہر جعفر کا بیان پڑھ کرسنایا گیا جس میں ظاہر نے اعتراف کیا تھا کہ نور مقدم کے شادی سے انکار پر اسے قتل کیا اور قتل کے بعد والد کو فوری آگاہ کیا۔ جج نے استفسار کیا کہ گواہان کو ملزم بنا کر کیوں پیش کیا گیا؟ یہ اس قتل میں کس طرح ملوث ہیں؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ فرانزک رپورٹ میں آلہ قتل سے ایک اور شخص کے فنگر پرنٹس ملے ہیں، ان سے تفتیش ضروری ہے۔ عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو آج دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔