جشن آزادی پر ون ویلنگ کرتے 3 نوجوان جان کی بازی ہار گئے
لاہور، فیروزوالا (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت میں ون ویلنگ کرتے ہوئے 3 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ نعشیں گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔ والدین حواس کھو بیٹھے۔ تفصیلات کے مطابق 14اگست کی رات نشتر کالونی کے علاقے میں ویلنگ کرتے ہوئے 18 سالہ ارسلان گر کر ہلاک ہو گیا۔ مسلم ٹاؤن میں دوستوں کے ساتھ ویلنگ کرتے ہوئے 20 سالہ عادل موٹر سائیکل بے قابو ہونے سے چائنیز ایمبیسی کے باہر لگے بیریئر میں جا لگا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔ جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کے مطابق وہ چارسدہ کا رہائشی تھا جبکہ کوٹ عبدالمالک فیکٹری ایریا کے قریب 30 سالہ عمران عرف کاکا تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہونے سے گر کرجاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کر دی ہیں جبکہ عادل کی نعش مردہ خانے میں موجود ہے۔