بھارتی حکومت کی ناقص اقتصادی پالیسیوں سے بے روزگاری بڑھ گئی: یشونت سنہا
نئی دہلی(این این آئی) بھارت کے سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا نے ناقص اقتصادی پالیسیوںپرمودی کی فسطائی بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ اس نے ملک کو بے روزگاری سمیت گندگی کے ڈھیر کی طرف دھکیل دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یشونت سنہا نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتاہوا افراط زر ایک پریشان کن صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو ایک ایسی معیشت ملی تھی جو 2013 میں 6.39 فی صد کے حساب سے ترقی کررہی تھی۔ انہوں نے کہاکہ2008 میں عالمی کسادبازاری کے بعدہماری معیشت ترقی کررہی تھی اور یہ سلسلہ2016 تک ایک مثبت رجحان کے ساتھ جاری رہا ۔ یشونت سنہانے کہاکہ اس کے بعد ہر گزرتے سال کے ساتھ ہماری معیشت نے گرنا شروع کر دیا اور 2020ء میںکورونا وبا کے دوران یہ منفی7.96 فی صد تک گرگئی۔