قبر سے لڑکی کی نعش نکال کر بے حرمتی کرنیوالا پولیس مقابلے میں ہلاک
کراچی(آئی این پی ) 14 سالہ لڑکی کی نعش قبر سے نکال کر اس کی بے حرمتی کرنے کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے۔ ترجمان وزیر اعلی ہاوس کراچی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹھٹہ پولیس نے وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر 14 سالہ بچی کی نعش قبر سے نکال کر بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے اور واقعے کی اطلاع ملنے کے 12 گھنٹوں میں ملزم رفیق چانڈیو پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔ ترجمان وزیر اعلی ہاوس نے مزید کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ نے خواتین، بچوں، اقلیتوں کے خلاف جرائم کو ناقابلِ برداشت قرار دے دیا ہے جب کہ وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر پولیس نے ڈرگ مافیا کے خلاف بھی آپریشن تیز کردیا ہے۔