شجاعت‘ پرویز الٰہی سے جرمن سفیر کی ملاقات‘ افغان صورتحال پر تبادلہ خیال
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جرمن سفیر ڈاکٹر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیگ (Dr. Bernhard Stephan Schlagheck) نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سالک حسین، فرسٹ سیکرٹری کرسچن بوچر (Christian Boettcher)، ڈاکٹر خالد رحمن، رانا خالد اور جاوید چٹھہ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت بین الاقوامی خصوصاً افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان پرامن افغانستان کے حق میں ہے، اگر افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان سمیت پورے خطے میں امن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی سفارتی کوششیں دونوں ممالک کو پہلے سے زیادہ قریب لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے باہمی، دوستانہ اور تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے۔ مسئلہ کشمیر پر سول اور عسکری قیادت اور پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ان دنوں عروج پر ہیں۔ امید ہے کہ جرمنی مسئلہ کشمیر کے حل سمیت خطے میں امن کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ جرمن سفیر ڈاکٹر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیگ نے استقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں۔