• news

 عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، کھیلوں کے فروغ پر گفتگو 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے یہاں ملاقات کی۔ پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں کشمیر پریمیئر لیگ اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے لیگ کے مثبت اثرات پر گفتگو ہوئی۔آزاد کشمیر میں انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے اصلاحاتی ایجنڈے اور نظام حکومت میں شفافیت اور عوامی خدمت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر بھی دونوں رہنمائوں کے درمیان گفتگوہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ فرق واضح ہے، جہاں ایک طرف آزاد جموں و کشمیر میں عوامی فلاح کے اقدامات اور نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی تربیت پر توجہ دی جارہی ہے اور کھیلوں کے فروغ کیلئے بین الاقوامی سطح کی کرکٹ لیگ منعقد کرائی گئی ہے وہاں دوسری طرف بھارتی تسلط میں مظلوم کشمیریوں کو غیر قانونی بھارتی تسلط اور جبر کا سامنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن