• news

آزاد وطن بزرگوں کی امانت‘ ملک دشمن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جائیگا‘ منور حسین جماعتی

لاہور/شیخوپورہ(خصوصی نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) سجادہ نشین امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے جشن آزادی  کے حوالے سے پرچم کشائی کی، شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور خصوصی دعا بھی کرائی۔ سجادہ نشین امیر ملت پیر سید منور حسین جماعتی نے کہا ہمارے آباو اجداد نے لازوال قربانیاں دیکر ملک حاصل کیا، ہم وطن عزیز کی سالمیت اور بقاء کیلئے ہر طرح کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہیں اور ملک دشمن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا آزاد وطن ہمارے پاس بزرگوں کی امانت ہے، دنیا میں سبزہلالی پرچم کو سربلند رکھنے کیلئے ہر پاکستانی اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن انجام دینا ہوں گی۔ انہو ں نے کہا پاکستان بیشمار قربانیوں کی تاریخ رقم کرکے حاصل کیا گیا‘ اس موقع پر میرے جدامجد پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری بھی ان کے شانہ بشانہ تحریک پاکستان میں شریک رہے۔ انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں پاکستان کا وجود اللہ کی نشانیوں میں ایک اہم نشانی ہے یہ ارض پاک تا قیامت قائم و دائم رہے گی اس کے دشمن ہمیشہ خوار ہوں گے۔  مزید براں چیئرمین صدیق فاطمہ فائونڈیشن صاحبزادہ حاجی رفیق الحسن قریشی ہاشمی کی رہائشگاہ پر یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  معروف مذہبی رہنما‘ عالمی مبلغ‘ سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین جماعتی نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی فلاحی ریاست ہے اور ہم مادروطن کی سا لمیت، آزادی اورخودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔ مصور پاکستان علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے شاہینوں کو خودداری کا جو درس دیا تھا وہ کسی قیمت پرفراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن