• news

قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس، کریمنل لاء ترمیمی بل منظور 

اسلام آباد( نمائندہ نوائے وقت)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے ریپ(جنسی زیادتی) کے مرتکب مجرم کو سزائے موت اور کیمیکل کاسٹریشن(نامرد بنانے)کی سزائیں دینے سے متعلق  کریمنل لائ(ترمیمی)بل منظور کرلیا، بل کے تحت مجرم کو مرنے تک اپنی باقی زندگی  قید میں گزارنے کی سزا  یا عمر قید اور جرمانے کی سزائیں بھی دی جاسکیں گی،کمیٹی نے اینٹی ریپ(انویسٹیگیشن اینڈ ٹرائل )بل مزید غور کے لئے آئندہ کے لئے موخر کر دیا ، اپوزیشن کے ارکان کمیٹی نے بل کے تحت بنائی جانے والی  اسپیشل کورٹس کے ججوں کی تعیناتی کے مجوزہ طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا۔پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر علی ظفر کی صدارت میں ہوا، جس میں  ارکان کمیٹی سینیٹراعظم نذیر تارڑ، کامران مرتضیٰ،شبلی فراز ، مصدق ملک ، مصطفی نواز کھوکھر، ولید اقبال، منظور کاکڑ ،ثمینہ ممتاز اور اعظم خان سواتی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اینٹی ریپ(انویسٹیگیشن اینڈ ٹرائل )بل2021کا بھی شق وار جائزہ لیا گیا، اپوزیشن کے  ارکان نے اسپیشل کورٹس کے ججوں کی تعیناتی کے مجوزہ طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ،  چیئرمین کمیٹی نے کمیٹی ارکان  کی درخواست  پر بل آئندہ کے لئے موخر کر دیا اور 27 اگست کو دوبارہ میٹنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا، آئندہ اجلاس  سے قبل ارکان کمیٹی بل سے متعلق پنی ترامیم تحریری طور پر جمع کرائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن