چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کی مدت 24اگست کو ختم
لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو چیئرمین کا عہدہ بچانے کیلئے اگلا ایک ہفتہ اہم ہوگا۔ احسان مانی صرف اسی صورت میں چیئرمین پی سی بی برقرار رہ سکتے ہیں کہ اگر 25 اگست تک وزیراعظم عمران خان ان کی نامزدگی اگلی مدت کیلئے بھی بورڈ آف گورنرز میں کریں گے۔ احسان مانی اور اسد علی خان کو 3 سال قبل 24 اگست کو وزیراعظم عمران خان نے بورڈ آف گورنرز میں نامزد کیا تھا، ایک ہفتے بعد ان کے عہدے کی معیاد ختم ہورہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر احسان مانی کو نامزد کریں گے اور وہ الیکشن جیت کر مزید 3 سال کیلئے چیئرمین بن جائیں گے۔ چیئرمین کے الیکشن میں ووٹ بورڈ آف گورنرز کے ممبرز ہی دیتے ہیں۔ احسان مانی کو توسیع ملنے کی صورت میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کو بھی مزید دو سال کی توسیع مل سکتی ہے۔