ملک بھر میں ایک نصاب ہونا چاہئے، سندھ الگ نہیں: وزیر تعلیم
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سارے ملک میں ایک ہی نصاب ہونا چاہیے، سندھ الگ نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ پنجاب، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں یکساں نصاب رائج ہوگیا ہے۔وفاقی وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ بلوچستان میں کتابیں پرنٹ ہو رہی ہیں، یکساں نصاب وہاں بھی نافذ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب پر سندھ کو منانے کی کوشش کریں گے، بات چیت کر رہے ہیں، یکساں نصاب نافذ کرنے میں کچھ وقت لگے گا لیکن ہو جائے گا۔شفقت محمود نے کہاکہ کتابیں سب یکساں نہیں ہیں، یکساں نصاب اور یکساں کتابوں میں فرق ہوتا ہے۔وفاقی وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ نصاب کا مطلب ہے ’اسٹوڈنٹس لرننگ اذئوٹ کم یعنی کس کلاس میں بچوں کو کیا آنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ پبلشرز کو اپنی کتابیں چھاپنے اور تقسیم کرنے کی اجازت دی ہے، حکومت نے بھی اپنی کتابیں چھاپی ہیں۔وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں فیس برابر نہیں ہو گی، مختلف سہولتیں ہوں گی، مختلف فیس ہو گی۔