خاتون سے دست درازی کا واقعہ درد نا ، انصاف ہوتا نظر آئے گا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلی آفس کے دروازے طلباء و طالبات کے لئے اوپن کر دیئے۔ وزیراعلی عثمان بزدار کی دعوت پر تونسہ کے سرکاری سکولز کی طالبات نے لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا۔ طالبات نے وزیراعلی آفس کا بھی وزٹ کیا ۔ وزیراعلی آفس آمد پر طالبات کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر طالبات کو وزیراعلی کے آفس، ڈرائنگ روم اور میٹنگ رومز کا وزٹ کرایا گیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے طالبات سے شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار سے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول اور گورنمنٹ سٹی گرلز ہائی سکول تونسہ کی طالبات اور اساتذہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولز کے طلباء و طالبات کو باقاعدگی سے مطالعاتی دورے پرلاہور بلایا جائے گا اور طلباء و طالبات کو وزیراعلی آفس کا وزٹ بھی کرایا جائے گا اور میں خود بھی طلباء و طالبات سے ملاقات کروں گا۔ پسماندہ اضلاع کے سرکاری سکولز کے طلباء و طالبات کو مطالعاتی دورے کی پہلے دعوت دی جائے گی تونسہ سے آنے والی طالبات میری بیٹیاں ہیں، ایجوکیشن پر پاکستان تحریک انصاف کا پورا فوکس ہے۔ تونسہ میں یونیورسٹی کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔ فورٹ منروکیڈٹ کالج کے ادھورے منصوبے کو ہم مکمل کر رہے ہیں۔ تونسہ اور پسماندہ علاقوں میں ٹیچرز کی کمی پوری کرنے کے لئے بھرتی کے قواعد و ضوابط میں نرمی کر رہے ہیں اور پسماندہ علاقوں میں بھرتی کے لئے مقامی نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی، صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہاکہ سرکاری سکولوں کے بچے قابلیت میں کسی سے کم نہیں۔ سرکاری سکولو ں کے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں۔ ایک طالبہ نے وزیر اعلی عثمان بزدار کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بنائے ہوئے روڈ پر سفر کرتے ہیں اور دعائیں دیتے ہیں۔ میں وزیر اعلی آفس دیکھنے والی اپنے خاندان میں پہلی لڑکی ہوں۔ وزیراعلی آفس آکر اعتماد ملا، طالبات نے کہا کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتیں کہ وزیراعلی آفس میں وزیراعلی پنجاب سے ملاقات ہوگی، آپ حقیقی معنوں میں عوامی وزیراعلی ہیں ۔ وزیراعلی کی حوصلہ ا فزائی سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔ وزیراعلی نے طالبات کو اپنا آفس دکھایا۔ طالبات نے وزیراعلی کے ساتھ ان کے آفس میں تصویریں بنوائیںے وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تونسہ کی طالبات کی قابلیت اور اعتماد دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی ہے اور یہی تبدیلی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ خاتون سے دست درازی کا واقعہ دردناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ افسوسناک واقعہ میں نا صرف انصاف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ متاثرہ خاتون کے ساتھ دلی ہمدردی ہے اور انصاف مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ حکومت خاتون کو انصاف کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائے گی۔ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ ویڈیوز کی مدد سے واقعہ میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کر کے گرفتاریاں کی جائیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے عظیم مقصدکیلئے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ اسلام کا درخشاں باب رقم کیا۔ واقعہ کربلا حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ شہدائے کربلا کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ یوم عاشور پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ نواسہ رسولؓ حضرت امام حسینؓ نے جان دے دی، باطل کے سامنے سر نہ جھکایا۔ تاریخ میں شہید زندہ رہتے ہیں، ظالم کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔ موجودہ حالات میں فلسفہ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر میں یوم عاشور پر امن و امان کی فضا یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے۔ یوم عاشور پر وضع کردہ سکیورٹی پلان پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔