• news

بھارتی سفارتی عملہ کو طالبان نے حفاظتی حصار میں ائر پورٹ پہنچایا 

کابل (نوائے وقت رپورٹ) کابل میں موجود بھارتی سفارتی عملہ طالبان کے سکیورٹی حصار میں ائر پورٹ کے لئے روانہ ہوا اور طالبان نے عملے کو افغانستان سے نکلنے میں مدد دی۔ بھارتی خبر رساں ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کا کہنا ہے کہ کابل میں بھارتی سفارتخانے کے مرکزی دروازے کے باہر بھاری اسلحہ سے لیس طالبان موجود تھے۔ تاہم انہوں نے عملے کی روانگی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی بلکہ سفارتی عملے کو اپنے حصار میں ائر پورٹ تک پہنچایا جہاں عملے کو لے جانے کیلئے خصوصی طور پر آنے والا فوجی طیارہ تیار  تھا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیر کو رات گئے سفارتخانے کے باہر سے دو درجن سے زائد گاڑیاں روانہ ہوئیں جس میں موجود افراد کو دیکھ کر طالبان جنگجوؤں نے ہاتھ ہلائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک طالبان جنگجو نے ان گاڑیوں کو گرین زون کی گلیوں سے ائرپورٹ کی مین سڑک تک پہنچانے میں مدد دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سفارتخانے سے روانہ ہونے والے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عمارت سے ائر پورٹ روانگی کیلئے جب دوسرا گروپ باہر آیا تو باہر موجود طالبان نے انہیں گرین زون سے باہر جانے سے روکا  تاہم کچھ دیر بعد انہوں نے طالبان رہنمائوں سے رابطہ کیا جس کے بعد اپنے حصار میں ہمیں ائرپورٹ پہنچایا۔

ای پیپر-دی نیشن