امریکہ سے کھیلنے کی پیشکش ٹھکرا دی : عثمان صلاح الدین
لاہور(حافظ محمد عمران/ سپورٹس رپورٹر) مڈل آرڈر بلے باز ٹیسٹ کرکٹر عثمان صلاح الدین نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پرامید ہوں۔ ٹیسٹ ٹیم کو دیکھتے ہوئے مڈل آرڈر میں سخت مقابلہ ہے کچھ سینئر کرکٹرز بھی کم بیک کیلئے کوشش کر رہے ہیں لیکن میں ان حالات کا عادی ہوں مجھے اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا کہ کون ٹیم میں کھیل رہا ہے اور کون کم بیک کی طرف دیکھ رہا ہے برسوں سے میری توجہ صرف اور صرف اپنی کارکردگی پر ہوتی ہے۔ میں یہ دیکھتا ہوں کہ میں کیا کر سکتا ہوں۔ ہر سیزن اس عزم کیساتھ کھیلتا ہوں کہ قومی ٹیم کیلئے کھیلنے کا موقع ملے گا۔ اس سیزن میں بھی بڑے رنز کرنے کی کوشش کروں گا۔ گذشتہ سیزن بھی نو سو بیالیس رنز سکور کیے ایک ڈبل؎سنچری بھی سکور کی تھی۔ اپنا سٹرائیک ریٹ بھی بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ایک ٹیسٹ کھلا کر ڈراپ کر دیا گیا‘ برسوں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد صرف ایک ٹیسٹ صلاحیتوں کے اظہار کیلئے ناکافی ہے۔ اچھی چار روزہ کرکٹ کھیلنے والا بلے باز ہر فارمیٹ میں ایڈجسٹ ہو سکتا ہے جبکہ ٹی ٹونٹی کے کامیاب بلے باز کیلئے بھی ٹیسٹ اور ون ڈے میں کامیاب ہونا مشکل ہے۔ پاکستان میں چار روزہ کرکٹ کھیلنے والوں کا معاوضہ بہت کم ہے، لڑکے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں کیونکہ وہاں کم وقت میں زیادہ پیسہ ملتا ہے۔ ساری قائد اعظم ٹرافی کھیلنے والے کو اتنے پیسے نہیں ملتے یہی وجہ ہے کہ توجہ محدود طرز کی کرکٹ پر ہے۔ حالانکہ سب سے بہترین ریڈ بال کرکٹ ہے۔ لیڈز ٹیسٹ میں ڈیبیو ہوا ایک شاٹ غلط کھیلنے کا بہت افسوس ہے گوکہ اس وقت دوسرے اینڈ سے زیادہ سپورٹ نہیں مل رہی تھی لیکن پھر بھی مجھے آخر تک کھیلنا چاہیے تھا۔ امریکہ سے کھیلنے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ موقع ضرور ملے گا۔