• news

ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا،سیکورٹی کے سخت انتظامات

 لاہور/اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار‘این این آئی) آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم عاشور 10 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں جلوس برآمد ہوئے۔ کسی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ اور موبائل فون سروس دن بھر معطل رہی۔ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں دسویں محرم کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا جو شام میں کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ مرکزی جلوس چوک رنگ محل، مسجد وزیر خان، چوہٹہ مفتی باقر، سوہا بازار، اندرون ٹیکسالی گیٹ اور اندرون بھاٹی سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوا جہاں مجلس شام غریباں برپا ہوئی۔ جلوس میں شامل عزا داروں نے نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کی جس میں خواتین سمیت بچوں اور بوڑھوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس شہدا چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوا۔ پشاور میں امام بارگاہ سید رضوی علی شاہ چڑیکوبان سے برآمد ہوا۔ ذاکرین اپنی تقاریر میں حضرت امام حسین کی عظیم اور روشن تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ اسلام آباد میں یوم عاشور کے موقع پر جی نائن مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا۔ اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا اور کئی شہروں میں جلوس بر آمد ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن