• news

بھارت سے فنڈز نہ ملنے پر ٹی ٹی پی کی کمر ٹوٹ جائیگی: فواد چودھری

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ جب تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو بھارت سے فنڈز ہی نہیں ملیں گے تو ان کی کمر ویسے ہی ٹوٹ جائے گی۔ ہم افغانستان میں ایک ایسی حکومت چاہتے ہیں جس پر افغانستان میں تمام گروپوں کا اتفاق ہو۔ افغانستان کے اندر فیصلہ سازی کا اختیار افغان عوام کا حق ہے۔ گزشتہ روز غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم افغانستان کے معاملہ پر چین، ترکی، امریکہ، برطانیہ سمیت تمام علاقائی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ خطے کے ممالک افغانستان میں امن و استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہم نے طالبان اور امریکہ کو مذاکرات پر آمادہ کیا۔ کابل کی حکومت کے ساتھ بھی طالبان کے مذاکرات کروانے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے اشرف غنی کا رویہ درست نہیں تھا۔ ہمارا طالبان پر کنٹرول نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے پاس طالبان کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا کوئی اختیار ہے۔ افغان طالبان کے ترجمان کی جانب سے یہ بیان کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ بھارت افغانستان میں ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگر دہشت گرد گروپوں کو پاکستان میں دہشت گردی کے لئے فنڈنگ کر رہا تھا، اس کا اب خاتمہ ہوگا۔ افغانستان کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے اور کسی بھی قیمت پر افغانستان کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کا مرکز نہیں بننے دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن