احساس پروگرام کا دائرہ وسیع،کھانے کے معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے:عمران
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ احساس پروگرام میں توسیع کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے احساس کوئی بھوکا نہ سوئے اقدام کے دائرہ کار کو بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے تحت فی الوقت 5 شہروں میں کھانا تقسیم کیا جاتا ہے۔ اکتوبر سے 29 شہروں میں 40 ٹرکوں کے ذریعے پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ روزانہ 40 ہزار افراد اور سالانہ 14 لاکھ 60 ہزار افراد کو کھانا پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قیام گاہ کے نظام پر نظر رکھی جائے۔ قیام گاہ میں کھانے کے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ غریب عوام کو دی جانے والی چیزوں کا معیار چیک کیا جائے۔ دوسری طرف عمران خان کی زیرصدارت الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اجلاس ہوا۔ فواد چودھری، شبلی فراز، ڈاکٹر بابر اعوان اور معاون خصوصی شہباز گل نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اقدامات کا مقصد انتخابات کے عمل کو شفاف بنانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس ضمن میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلاجواز تنقید کا حقائق کے ساتھ جائزہ لیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو اگلے سال یوم پاکستان کے موقع پر قومی اعزاز سے نوازا جائے گا۔ جمال کلہوڑو نے پوری لگن کے ساتھ اپنی ڈیوٹی ادا کی۔ قرآن میں ہے جس شخص نے ایک جان بچائی اس نے انسانیت کی جان بچائی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اصلاحات پر اجلاس ہوا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور علی امین گنڈا پور نے شرکت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں اصلاحات کیلئے لائحہ عمل تیار ہے۔ وزیراعظم نے قانون کی بالادستی کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ فلاحی ریاستوں میں امیر اور غریب کیلئے یکساں قانون ہوتا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان اپنی حکومت کی 3 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر وزیراعظم آئندہ ہفتے تقریب سے خطاب کریں گے۔ تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی ایک بیان میں کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جو اپنی کارکردگی کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کر رہی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مکمل طور پرغیر جانبدار، آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان میں موجود غیر ملکی صحافیوں کے انخلا کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے لئے اپنی زیر صدارت اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ اطلاعات نے وزیرِ اعظم کو افغانستان میں موجود صحافیوں کے انخلا کے حوالے سے وزارت اطلاعات کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعلی خیبر پی کے محمود خان نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم کو صوبے میں زراعت اورسیاحت کے فروغ کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو افغانستان سے متعلق پاکستان کے موقف کو عالمی میڈیا پر اجاگر کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے حوالے سے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو اہم ٹاسک سونپ دیا اور انہیں ہدایت دی کہ افغانستان کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر پیغام میں ائرلفٹ کمپنی میں 85 ملین ڈالر کی حالیہ سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا حکومت کاروباری مواقع پیدا کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔