راجہ بشارت کی شہر میں نصب خراب سکیورٹی کیمرے فوری مرمت کرانے کی ہدایت
لاہور(نیوزرپورٹر)وزیر قانون و کوآپریٹوز پنجاب راجہ بشارت نے ایمرجنسی سروس 15 کو مزید موثر بنانے اور لاہور شہر میں نصب شدہ خراب سکیورٹی کیمرے بلاتاخیر مرمت کرانے کی ہدایت کی ہے۔ وہ جمعہ کے روز اپنی زیر صدارت وزیراعلی ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس وزیر اعلی کی ہدایت پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ سی ای او سیف سٹی اتھارٹی کامران خان نے اتھارٹی کی کارکردگی اور مسائل پر بریفنگ دی۔ راجہ بشارت نے کہا کہ شہر میں ای چالان کی غیر فعال سائیٹس کو بھی فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیف سٹی اتھارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نظر ثانی شدہ فیصلوں کی منظوری بلاتاخیر پنجاب کابینہ سے لی جائے گی۔ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سی سی پی او اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔