• news

 منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’پیغام امام حسین ؓاور اتحاد امت کانفرنس‘‘ 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام منعقدہ ’’پیغام امام حسین ؓاور اتحاد امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کے 5 نفوس قدسیہ کا ذکر قرآن مجید میں موجود ہے، حضور نبی اکرم ﷺ دعا فرماتے تھے یااللہ میرے اہل بیت کو ہر قسم کی معصیت سے پاک کر دے، اور سیدنا علی و فاطمہ اور حسنین کریمین ؓکی طرف اشارہ کر کے فرماتے کہ اے اللہ یہ میرے اہلبیت ہیں۔ یہی نفوسِ قدسیہ پنجتن پاک کہلاتے ہیں۔شیخ الاسلام نے امیر متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، مفتی محمد مبشر نظامی، مولانا عبدالستار نیازی، علامہ محمد جعفر شمسی، مفتی محمد مبشر نظامی کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن آپ کا گھر اور اتحاد امت کی عالمگیر کاوشوں کا مرکز ہے۔ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں منہاج القرآن سے اتحاد امت کی خوشبو آتی ہے۔جماعت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اللہ کی بخشی ہوئی توفیق کے مطابق اسلام کی امن اور محبت والی خوشبو کو عام کر رہے ہیں۔منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ نواسہ رسول ؐکی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ذکر اہل بیت اطہار علیہم السلام کیلئے جمع ہیں ۔کانفرنس سے حافظ کاظم رضا ، مفتی محمد مبشر ،عبدالستار نیازی، علامہ جعفر شمسی، محمد مبشر نظامی، مفتی امداد اللہ قادری، میر آصف اکبر قادری نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن